اسلام آباد: ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 794 مزید کیسز سامنے آںے کے بعد کورونا ائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 17 ہزار 611 ہوگئی اور 21 مزید اموات کے بعد ہلاکتیں 406 ہوگئیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 7 ہزار 971 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جب کہ 794 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی۔
مزید کیسز کی تصدیق کے بعد سندھ میں سب سے زیادہ 6675، پنجاب میں 6340، خیبر پختونخوا میں 2799، گلگت بلتستان میں 339، بلوچستان میں 1049، اسلام آباد میں 343 ، گلگت بلتستان میں339 اورآزاد کشمیر 66 مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔ ملک میں کورونا وائرس کے 4351 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔
کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:
کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔ سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔ پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔























































