کراچی: سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے ایک روز میں سب سے زیادہ 18 اموات ہوئیں جب کہ 593 نئے کیسز بھی سامنے آئے جن میں سے 412 کا تعلق کراچی سے ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق 24 گھنٹوں میں کل 4064 ٹیسٹ ہوئے جن میں سے 593 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 12610 اور ہلاکتیں 218 تک جا پہنچی ہیں جب کہ آج سندھ میں ایک روز میں سب سے زیادہ 18 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں 593 کیسز میں سے 412کا تعلق کراچی سے ہے جہاں کورنگی سے 51، غربی 45 ،ملیر 37 ، جنوبی 124، شرقی 92 اور ضلع وسطی میں 63 نئے کیسز سامنے آئے۔
سندھ کے دیگر اضلاع میں ٹنڈوالہیار 4، لاڑکانہ 3، ٹنڈو محمد خان اور خیرپور میں 2-2، جیکب آباد 41، حیدرآباد 24،گھوٹکی 22 اور سکھر میں 9 نئے کیسز ظاہر ہوئے، مراد علی شاہ نے لاک ڈاؤن کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کل لاک ڈاؤن کی ایس او پیز پر کسی نے عمل نہیں کیا، ایسا طریقہ کار نہ اپنایا جائے کہ حکومت کو دوبارہ سختی کرنا پڑے۔























































